چنتامنی:23 /اگست(محمد اسلم ؍ ایس او نیوز) چنتامنی سے متصل بنگلور ہائی وے روڈ پر واقع چنسندرہ گاؤں کے قریب میں واقع دارالعلوم محمودیہ مدرسہ میں زیر تعلیم طالب علم عبدالنواز ابن نوشاد (10)ساکن شہنشاہ نگر کولار کا کسی نے بے رحمی سے گلاکاٹ کر قتل کردیا۔ چنتامنی رورل پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر جے۔اے۔آنند و سب انسپکٹر لیاقت اللہ نے بتایا کہ مدرسہ کے مہتمم مولانا عثمان اللہ شاہ نظامی کے مطابق گذشتہ دو دن قبل فجر کے نماز کے بعد سے عبدالنوازمدرسہ سے لاپتہ تھا۔ تلاش بسیار کے بعد کل علی الصباح مدرسہ سے متصل زیر تعمیر عمارت میں پانی کی ٹینکی (سمپ)سے عبدالنواز کی نعش بر آمد ہوئی ہے ۔نعش بر آمد ہوتے ہی مقامی لوگ وہاں جمع ہوگئیں فوراََ ایس ۔پی۔چائترا ودیگر پولیس اہلکار مدرسہ پہنچ گئے اور چھان بین شروع کردی۔ طالب علم کی نعش کو چنتامنی سرکاری اسپتال منتقل کرکہ وہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ان کے وارثین کے حوالے کرتے ہوئے مدرسہ کے مہتمم مولانا عثمان اللہ شاہ نظامی کے علاوہ ایک اور استاد کو پوچھ تاچھ کے لئے پولس تھانہ لے جایا گیا ہے ۔اس خصوص میں چنتامنی رورل پولیس نے معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات کرنے کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔
عبدالنواز کے والد نے چنتامنی پولیس تھانہ کے باہر آخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دو دن قبل مدرسے کے ایک عالم نے بتایا تھا کہ بچہ کولار جانے کے لئے نکلاتھا چنتامنی آنے والے بس میں تلاش کرے تاکہ بچہ مل جائے میں نے خود اپنے دوست کو ساتھ لے کر تمام بسوں کا معائنہ کیا مگر بچہ نہیں آیا آج چنتامنی رورل پولیس تھانہ سے فون کرکے پولیس تھانہ بلایا توہم جلد تھانہ پہنچ گئے وہاں پتہ چلا کہ بچے کا کسی نے گلا کاٹ کرقتل کردیا ہے۔